کینیڈا میں بھارتی پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں کے گھر پر فائرنگ
گلوکار نے چند ہفتے قبل ہی سلمان خان کے ساتھ اپنی میوزک ویڈیو ’اولڈ منی‘ ریلیز کی ہے
کینیڈا کے شہر وینکوور میں بھارتی پنجابی گلوکار اور ریپر اے پی ڈھلوں کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گلوکار کے گھر کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم ابھی تک اس واقعے کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس فائرنگ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی کے روہت گوڈارا گینگ نے قبول کی ہے اور یہ حملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند ہفتے پہلے اے پی ڈھلوں نے سلمان خان کے ساتھ اپنی میوزک ویڈیو 'اولڈ منی' ریلیز کی تھی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک دھمکی آمیز پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گینگ نے یکم ستمبر کی رات کو کینیڈا کے دو مقامات، وکٹوریہ آئی لینڈ اور ووڈبریج ٹورنٹو، میں فائرنگ کی۔
گینگ نے اے پی ڈھلوں کو بھی دھمکی دی ہے اور ان کے سلمان خان سے مبینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں 'اپنی حدود میں رہنے' کی وارننگ دی ہے۔
کینیڈا کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں دھمکی آمیز پوسٹ کی تصدیق اور فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں جبکہ ابھی تک پولیس کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔