خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم نےاساتذہ کیلیے ای ٹرانسفر پالیسی کا اجرا کردیا

اساتذہ 10 سے 20 ستمبر تک تبالدوں کے لیے آن لائن اپلائی کریں گے، تبادلے میرٹ پر ہوں گے، صوبائی وزیرتعلیم


ویب ڈیسک September 03, 2024
فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کے تبالوں کے لیے ای- ٹرانسفر پالیسی کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان تراکئی نے ای ٹرانسفر پالیسی کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج سے نو ستمبر تک خالی آسامیاں ای ٹرانسفر پورٹل پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کی جانب سے اپلوڈ ہو جائیں گی اور اساتذہ 10 ستمبر سے 20 ستمبر تک آن لائن اپلائی کریں گے۔

متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز 21 ستمبر سے 24 ستمبر تک درخواستوں کی ویریفکیشن کریں گے اور 26 ستمبر کو آخری میرٹ لسٹ اپلوڈ ہو جائے گی جس کے بعد 27 ستمبر کو آن لائن ٹرانسفر آرڈرز جاری کر دیے جائیں گے۔

صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ آج کے بعد تمام تبادلے ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت سال میں صرف ایک دفعہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ہوا کریں گے۔ اساتذہ مشتہر شدہ خالی آسامیوں کے لیے آن لائن اپلائی کریں گے اور متعلقہ فورم سے منظوری کے بعد میرٹ پر ان کے تبادلے ہوں گے۔

وزیرتعلیم کے مطابق اس میں نہ کسی قسم کی سفارش کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی دفاتر کے چکر لگانے ہوں گے۔ اس عمل کی وجہ سے اساتذہ تمام تر توجہ درس و تدریس کو دیں گے اور گھر بیٹھے ہی میرٹ پر ان کا تبادلہ ہوگا۔

فیصل خان ترکئی نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ میں ای-ٹرانسفر کے تمام پراسس کی خود نگرانی کروں گا اور میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت مختلف انڈیکیٹرز رکھے گئے ہیں اور ان کے اپنے نمبر ہیں جو استاد میرٹ میں ہائی ہوگا اس کا تبادلہ متعلقہ سکول میں کیا جائے گا اور اب کے بعد مینولی تمام تبادلے محکمہ تعلیم میں مکمل طور پر بند ہوں گے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈائریکٹریٹ اور سیکرٹیریٹ لیول پر ای ٹرانسفر پالیسی کے لیے فوکل پرسن نامزد ہوں گے جو تمام کارروائی کی نگرانی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں