جھنگ میں تعلیمی ادارے کے قریب ملزم سے 46 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد

ملزم کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف


ویب ڈیسک September 04, 2024
اے این ایف کا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے : فوٹو : ایکسپریس نیوز

اے این ایف نے گوجرہ روڈ جھنگ پر واقع 2 تعلیمی اداروں کے قریب ملزم سے 46 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی ہیں، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے ملک بھر، خاص کر تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ طلباء کو منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالیرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ دشمن عناصر کے تعلیمی اداروں کا ماحول خراب اور نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے، تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اے این ایف ٹیم ملک بھر میں منشیات کی سپلائی کو روکنے میں مصروف عمل ہے۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ملزم کے بیگ سے 544 گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی خاتون ملزم سے 53 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کی کارروائیاں، 70 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ جی پی او سیالکوٹ سے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 470 گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ شکارپور روڈ پر واقع سندھڑی ہوٹل کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے 26 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔

اے این ایف نے دورانِ کارروائی کار سوار ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا، ملزم سے برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت 24 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں