عدالت نے ٹرمپ کو انتخابی مہم میں مشہور زمانہ گانا چلانے سے روکدیا

ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں 1966 کا مقبول ترین نغمہ استعمال کر رہے تھے

ٹرمپ پر گانے کے لکھاری کے اہل خانہ نے مقدمہ دائر کیا تھا

گانے کے بول لکھنے والے شریک مصنف کے اہل خانہ کی طرف سے قانونی چارہ جوئی پر عدالت نے ٹرمپ کو انتخابی مہم کے دوران گانا ''ہولڈ آن، آئی ایم کمنگ'' کے استعمال سے روک دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلانٹا کی وفاقی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مذکورہ گانے کا استعمال کاپی رائٹ کی خلاف ورزی ہے جب کہ ان کے خلاف عدالت میں اس پر کیس بھی چل رہا ہے۔

خیال رہے کہ گانے کے شریک مصنف کے اہل خانہ کی جانب سے گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ ٹرمپ اور ان کے کئی اتحادیوں نے انتخابی مہم میں گانے کا استعمال کیا لیکن نہ اجازت لی اور نہ کوئی ادائیگی کی اس لیے انہیں ہرجانہ ادا کرنا چاہیے۔


یہ مقدمہ گانے کے شریک لکھاری کے بیٹے نے کیا تھا جس پر ڈسٹرکٹ جج نے فیصلہ دیا کہ ٹرمپ کو گانا استعمال کرنا بند کرنا چاہیے تاہم انھوں نے گانے پر مشتمل کسی بھی ویڈیوز کو ہٹانے کا حکم دینے سے انکار کردیا۔

ٹرمپ اور ان کی انتخابی مہم کے وکیل رونالڈ کولمین نے سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے پہلے ہی گانا استعمال نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کرد ی تھی۔ ہم کسی کو ناراض کرنے یا تکلیف پہنچانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔

یاد رہے کہ یہ گانا 1966 کا مقبول ترین گانا تھا جسے ہیز نے لکھا تھا جو 2008 میں 65 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے ساتھ شریک مصنف ڈیوڈ پورٹر تھے۔

 

 
Load Next Story