نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

ڈاکوؤں نے مقابلے سے قبل آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے سے موبائل فون اور نقدی چھینی تھی


ویب ڈیسک September 04, 2024
فوٹو- فائل

سرسید پولیس سے نارتھ کراچی میں مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ڈاکوؤں نے مقابلے سے قبل آن لائن فوڈ ڈلیوری بوائے سے موبائل فون اور نقدی چھینی تھی جس کی اطلاع پر علاقہ گشت پر مامور سرسید پولیس کے جوانوں نے ان کا تعاقب کیا اور ڈاکوؤں سے نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی میں ٹکراؤ ہوگیا۔

ایس ایچ او فرخ ہاشمی نے بتایا کہ اس دوران وہ خود بھی موقع پر پہنچ گئے پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کے جوانوں کی جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی مارا گیا جبکہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر کے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

فرخ ہاشمی نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکوؤں سے 2 پستول 30 بور ، لوڈ میگزین ، 4 موبائل فونز ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئے ہیں جبکہ ان کی شناخت خادم حسین اور ساجد علی کے نام سے کی گئی ہے

ایس ایچ او فرخ ہاشمی نے مزید بتایا کہ پولیس نے بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے مقابلے میں مارے جانے والے دونوں ڈاکوؤں کی درست شناخت اور کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا مارے جانے والا ڈاکو خادم حسین اس سے قبل سیفل عرف طلب حسین ولد منظور حسین کے نام سے شارع نور جہاں پولیس کے ہاتھوں 2 بار ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرا ہلاک ڈکیت ساجد علی اس سے قبل محمد اصغر ولد فیض بخش کے نام سے گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے جس میں وہ 4 بار سرسید پولیس جبکہ ایک ، ایک بار بلال کالونی اور مبینہ ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں اقدام قتل ، پولیس مقابلے ، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی سمیت دیگر دفعات کے تحت گرفتار ہوچکا ہے۔

دونوں ڈاکو مقابلے سے قبل ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں