جارجیا ہائی اسکول میں 14 سالہ طالب علم کی فائرنگ 4 افراد ہلاک 9 زخمی

مشتبہ شخص کی شناخت 14 سالہ کولٹ گرے کے طور پر ہوئی ہے جو اسکول کا طالب علم تھا


ویب ڈیسک September 05, 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکی ریاست جارجیا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک 14 سالہ طالب علم نے اپنے دو ساتھی طالب علموں اور دو اساتذہ کو ہلاک اور نو کو زخمی کر دیا۔

ایک پریس کانفرنس میں تفتیش کاروں نے بتایا کہ جارجیا کے علاقے وندر میں اپالاچی ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ نو افراد کو گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں دو طالب علم اور دو استاد شامل ہیں۔

جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر کرس ہوسی نے بتایا کہ مشتبہ شخص کی شناخت 14 سالہ کولٹ گرے کے طور پر ہوئی ہے جو اسکول کا طالب علم تھا اور اس پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور اس پر بالغ کی طرح مقدمہ چلایا جائے گا۔

ڈائریکٹر کرس ہوسی نے فائرنگ کے محرکات بتانے سے انکار کر دیا، انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ فائرنگ میں کس قسم کی بندوق استعمال کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کا اسکول میں ایک ڈپٹی نے سامنا کیا، جس کے بعد طالب علم نے خود کو نیچے گرا لیا اور ہتھیار ڈال دیے۔

یہ واقعہ اٹلانٹا سے تقریبا 50 میل (80 کلومیٹر) شمال مشرق میں اسکول میں پیش آیا۔

واضح رہے کہ رواں سال امریکا میں اس سے قبل 28 فائرنگ کے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں 127 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال 42 واقعات میں 217 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔