ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈز کے عدم اجرا پر سندھ کا وفاق سے رابطہ

متعدد بار درخواست کرنے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط


ویب ڈیسک September 05, 2024
فوٹو: فائل

ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کا اجرا نہ کرنے پر وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاق کے زیر انتظام 19 ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کا اجرا نہ کرنے پر وزیر اعظم کو تحریر کیے گئے خط میں کہا ہے کہ متعدد بار درخواست کرنے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔

خط میں کہا گیاہے کہ ایکنک نے منصوبوں کو سو فیصد وفاقی فنڈز سے مکمل کرنے کے بجائے 50 فیصد وفاقی فنڈنگ کو منظور کیا، ایکنک سے قبل منصوبوں کیلیے سو فیصد فنڈنگ پی ایس ڈی پی میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے لکھا ہے کہ 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبائی فنڈنگ پر وفاق نظرثانی کرے۔

وفاق سے ملنےوالے فنڈز کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے لکھا ہے کہ مالی سال 2020-21 کے دوران 124 ارب کے 10 منصوبوں کیلیے صرف 2 ارب 47 کروڑ ملے، مالی سال 2021-22 کے دوران 111 ارب کے 9 منصوبوں کیلیے صرف 4 ارب 19 کروڑ روپے ملے۔

اسی طرح مالی سال 2022-23 کے دوران 99 ارب کے 14 منصوبوں کیلیے صرف 3 ارب 29 کروڑ روپے ملے جبکہ مالی سال 2023-24 کے دوران 159 ارب کے 19 منصوبوں کیلیے صرف 1 ارب 8 کروڑ ملے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بھی ابھی تک وفاق کی جانب سے ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے گئے، فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزارت منصوبہ بندی کو ہدایات جاری کریں اور ترقیاتی فنڈز جاری کرائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔