بلد یہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کیلیے پولیس سے مدد مانگ لی

منشیات کےعادی افراد کی جانب سے شہر کے پلوں ،انڈر پاسز کے سریے وغیرہ کی چوری پر میونسپل کراچی کا اے آئی جی کو خط

فوٹو: فائل

میونسپل کمشنر بلد یہ عظمیٰ کراچی افضل زیدی نے شہر کے انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کیلیے ایڈیشنل آئی جی پی کراچی سے مدد مانگ لی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر افضال زیدی نے گذشتہ روز ایک لیٹر ایڈیشنل انسپکٹرجنرل آف پولیس کراچی ڈویژن کو ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ منشیات کےعادی افراد کی جانب سے شہر کے پلوں ،انڈر پاسز کے سریے،لائٹیں ،موٹریں، الیکٹرک کیبلز ودیگر سامان چوری کرنے کی صورت میں شہر کے انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے متعدد مرتبہ متعلقہ پولیس کو شکایات اور ایف آئی آر کا اندراج بھی کرایا گیا ہے لیکن انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ نہیں رک سکا۔


میونسپل کمشنر کراچی کی جانب سے بھیجے گئے لیٹر میں مختلف مقامات کا ذکر کرتے ہوئے بتا یا گیا ہے جس میں سہراب گوٹھ انڈر پاس میں لائٹس ، کیبلز کی چوری کی وجہ سے مسلسل اندھیرا پھیلا ہوا ہے، غریب آباد انڈر پاس سے پمپ کیبلز اور ٹنل لائٹس چوری کرلی گئی ہیں۔

اسی طرح لیاقت آباد انڈر پاس سے 280لائٹس،کیبلز اور پمپ چوری کرلے گئے ہیں، گولیمار انڈر پاس سے پائپ فٹنگ،لائٹس چوری کی جاچکی ہیں۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ شہر کے انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچائے جانے کے باعث شہریوں کا تحفظ بھی خطرے میں پڑگیا ہے جس پر درخواست کی جاتی ہے کہ اس سلسلے میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور منشیات کے عادی افراد کو ان سرگرمیوں سے روکنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
Load Next Story