KARACHI:
وزیراعظم نواز شریف نے سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں ہر صورت امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے جبکہ اس حوالے سے سندھ پولیس میں فوری طور پر بھرتیاں کی جائیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں شہر کی امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں گورنر ڈاکٹرعشرت العباد، وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ٹارگٹڈ آپریشن اور گرفتاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی کہ ہر حال میں شہر میں امن و امان نافذ کیا جائے۔
وزیراعظم کو حکام کی جانب سے سرکلر ریلوے اور ماس ٹرانزٹ منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کی تکمیل کے لئے سب سے بڑا مسئلہ تجاوزات کا خاتمہ ہے جس کے لئے 15 ارب روپے درکار ہیں۔
اس سے قبل کراچی پہنچنے پر وزیراعظم بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری مرحوم کے صاحبزاے چنگیز مری کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے خیر بخش مری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔