فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے وزیراعظم

ہم دہشت گردی کا سر مکمل طور پر کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کی قومی شناخت کا ایک عظیم حوالہ ہے اور فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے۔

راولپندی میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان اور ہماری قومی شناخت کا ایک عظیم حوالہ ہے، یہ دن ان تمام شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے وطن کی آزادی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان جان نثاروں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری اس قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے، جس سے سرشار ہو کر عظیم قوم نے طاقت کے زعم میں مبتلا دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور جیم خانہ میں چائے پینے کا خواب دیکھنے والا دشمن اسلحہ پھینک اس سے بھی زیادہ تیزی سے فرار ہوگیا تھا، جس رفتار سے اس نے پاکستان کی سرحدوں کو عبور کرنے کی فاش غلطی کی تھی، ملیٹری میوزیم میں موجود شرم ناک فرار کے ثبوت ہماری آنے والی نسلوں کو افواج اور قوم کی بے مثال اتحاد اور فتح کی یاد دلاتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں ان عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر اس وطن پر نثار کردیے اور اپنے عظیم ماؤں کی آنسو کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ ہم ان کے بہادر بیٹوں کی قربانی ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

مزید پڑھیں: نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف

ان کا کہنا تھا کہ میجر راجا عزیز بھٹی شہید اور سیسل چوہدری پاکستانی پرچم کے یہی دو رنگ ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے، اس کی حفاظت، ترقی اور خوش حالی ہم سب کی اجتماعی اور مساوی ذمہ داری ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے محل وقوع میں ہے جو کئی تہذیبوں کو سنگم ہے، یہاں بہت سی طاقتوں کے مفادات ٹکراتے ہیں، اس کش مکش کے براہ راست اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں، اس لیے ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین قومی ضرورت ہے، جس کے بغیر نہ امن ممکن ہے، نہ امن اور خوش حالی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، ہم نے 77 سالہ تاریخ میں اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسایہ کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، پاکستان کی سرحدیں امن کی سرحدیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری طاقت، دفاعی اور اسپیس ٹیکنالوجی میں دسترس اور اعلیٰ عسکری صلاحیتوں کے تناظر میں پاکستان عالمی امن کے فروغ میں ایک ناگزیر کردار کا حامل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن ہماری اولین خواہش ہے اور ہم اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ باوقار اور پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن ہم اپنی آزادی، عزت اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بارہا شکست دی ہے لیکن ان کے مذموم ارادے آج بھی پاکستان کے وجود کے لیے خطرہ ہے، ہم دہشت گردی کا سر مکمل طور پر کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں فتنۃ الخوارج اور ان کے سہولت کار موجود ہیں، ان کے مکمل خاتمے تک افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشنز جاری رکھیں گے، اس کے لیے قومی اتفاق رائے موجود ہے، ہم اس مقصد میں جلد سرخرو ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی تقسیم ملکی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرتی ہے، ریاست کو کمزور کرنے والی کوئی بھی تحریک عوام کو قبول نہیں، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں بدترین نسل کشی کے جرائم کا نشانہ بننے والے بے گناہوں کے لیے پوری قوت سے دنیا اور عالمی اداروں سے انصاف کا تقاضا کرتا رہے گا اور انسانیت کی پکار بن کر عالمی ضمیر کو جنجھوڑتا رہے گا، جب تک کشمیریوں اور فلسطینی بھائیوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا۔
Load Next Story