وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مداخلت پر پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کا مقام تبدیل
8 ستمبر کو پی ٹی آئی کا جلسہ جی ٹی روڈ پر واقع مویشی منڈی کے پاس گراؤنڈ میں ہوگا، ضلعی انتظامیہ کا نیا نوٹی فکیشن
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے مقام کو تبدیل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد انتظامیہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور جلسہ گاہ کی تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کا مقام تبدیل کرتے ہوئے نیا نوٹی فکیشن (این او سی) جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 8 ستمبر کو تحریک انصاف کا جلسہ جی ٹی روڈ پر واقع مویشی منڈی کے پاس گراؤنڈ میں ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی قیادت جلسہ گاہ ساؤنڈ سسٹم کے ہمراہ پہنچی تو پولیس نے سامان، ڈی جے سسٹم کو روکا جس پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے 8 ستمبر کے جلسے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی
پولیس اہلکار نے کہا کہ گاڑی جلسہ گاہ جانے کی اجازت نہیں ہے سامان کو ضبط کر کے گاڑی کو تھانے منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے بھائی فیصل امین گاڑی میں بیٹھ کر پولیس کے ہمراہ تھانے روانہ ہوگئے جبکہ علی امین گنڈا پور اُن سے مسلسل رابطے میں بھی رہے۔