بھارتی لوک سبھا میں مہنگائی پر بحث لوری بن گئی راہول گاندھی ایوان میں ہی سوگئے

کبھی کبھی لوگ تقریر سنتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کرلیتے ہیں راہول گاندھی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہوگا، کانگریس کی توجیہہ


ویب ڈیسک July 10, 2014
راہول گاندھی کے سونے پے سیاسی میدان اور سماجی ویب سائیٹ پر نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

وطن عزیز میں تو قوم کے منتخب نمائندوں کے بھری محفلوں اور تقاریب میں سونے کی مثالیں عام ہیں لیکن پڑوسی ملک بھارت بھی اس سے پیچھے نہیں، ایسی ہی صورت حال اس وقت سامنے آئی جب کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی ایوان میں کارروائی کے دوران ہی سوتے ہوئے پائے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی لوک سبھا کے اجلاس کے دوران ملک میں جاری مہنگائی کی شرح پر بحث جاری تھی کہ ارکان کی باتیں اس قدر طویل ہوگئیں کہ کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی ایوان میں ہی خواب خرگوش کے مزے لینے لگے۔ راہول گاندھی تو سو گئے لیکن ان کی تصویر نے بھارت میں ہلچل مچادی ہے۔

تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کو کانگریس پر تنقید کا بہانہ مل گیا ہے ، پارٹی کے ترجمان شاہنواز حسین کا کہنا ہے کہ کانگریس مہنگائی پر کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہی ہے اور اسی لیے راہول گاندھی اس پر بحث کے دوران اتنے بور ہوگئے کہ وہ سو گئے۔ جس پر کانگریس رہنما راجیو شکلہ کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی لوگ تقریر سنتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ راہول گاندھی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہوگا۔ ماضی میں خود بی جے پی کے اٹل بہاری واجپائی بھی بحث سنتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر لیتے تھے۔

اب راہول گاندھی کے سونے کے بارے میں کوئی کچھ بھی کہے لیکن ہمارا ماننا تو یہی ہے کہ نیند تو سولی پر بھی آجاتی ہے تو پھر یہ ایوان کیا چیز ہیں اور پھر ہمارے اپنے لیڈر بھی تو سوتے ہوئے جاگتے اور جاگتے ہوئے سوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |