سندھ کھجور کی پراسیسنگ اور پیداوار بڑھانے کے لیے 100 ملین روپے مختص

صوبائی وزیرزراعت نے کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لیے کوٹ ڈیجی میں قائم ریسرچ سینٹر کو مزید فعال کرنے کا اعلان کردیا

(فوٹو: انٹرنیٹ)

سندھ حکومت نے خیرپور میں کھجور کی پراسیسنگ اور پیداوار بڑھانے کے لیے 100 ملین روپےمختص کردے اور کھجور و دیگر کاروبار سے وابستہ خواتین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



صوبائی وزیرزراعت محمد بخش مہر نے کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لیے کوٹ ڈیجی میں قائم ریسرچ سینٹر کو مزید فعال کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ خشک کھجور بھارت، متحدہ عرب امارات اوربنگلادیش برآمد کرتا ہے۔ پاکستان کھجور برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔


انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کھجور کی فصل کی بحالی اور اضافے کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت خیرپور میں کھجور کی پراسیسنگ کے لیے رواں سال 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔


وزیر زراعت نے کہا کہ سندھ میں اُگائی جانے والی ڈھکی کھجور خاص طور پر اپنے منفرد ذائقے اور ساخت کی وجہ سے عالمی سطح پر بہت مقبول ہے۔ سندھ حکومت صوبے میں زراعت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے حالیہ بارشوں میں خیرپور، سکھر اور گھوٹکی میں کھجور کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی کاشتکاروں کی جانب سے پانی کی قلت کی شکایات مل رہی ہیں۔

Load Next Story