یہ لوگ ڈرتے ہیں میں باہر آگیا تو لوگ اکٹھے ہوجائیں گے شاہ محمود قریشی
40 سال سے سیاست میں ہوں آج تک کوئی مقدمہ نہ ہوا یوں اچانک اب 55 مقدمات درج ہوگئے، عدالت میں بیان
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں عمران خان کا نائب کپتان ہوں یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آگیا تو لوگ جمع ہوجائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ نو مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی عدالت میں پیش ہوئے اور روسٹرم پر آگئے۔
شاہ محمود نے کہا کہ میرے خلاف جب مقدمات درج کیے گئے میں لاہور بلکہ پنجاب میں بھی نہیں تھا، مجھے ایک سال دو ماہ بعد گرفتار کیا گیا، یہ لوگ ثابت کردیں میں کس طرح اس میں شامل ہوا ہوں؟ جب میں رہا ہوا تو مجھے 9 مئی مقدمات میں گرفتار کرلیا میں نے ہر ملک میں پاکستان کی نمائندگی کی کیا میں کہیں بھاگ جاؤں گا؟ میں ہر پیشی پر موجود رہا ہوں میں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں ںے کہا کہ میں عمران خان کا نائب کپتان ہوں، یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آگیا تو لوگ جمع ہوجائیں گے، 40 سال سے سیاست میں ہوں آج تک کوئی مقدمہ نہ ہوا یوں اچانک اب 55 مقدمات درج ہوگئے، میرے کیرئیر کو دیکھا جاسکتا ہے یہ سیاسی بنیاوں پر ملوث کیا جارہا ہے، یہ لوگ دلائل کیوں نہیں دے رہے یہ جان بوجھ کر کیسز کو التوء کا شکار کروا رہے ہیں، حکومت کے لوگ کہتے ہیں کہ 9 مئی کے کیسز زیر التوا ہیں اگر ہم گناہ گار ہیں تو ہمیں سزا دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں قران پر ہاتھ رکھ کر اپنی صفائی بیان کرسکتا ہوں ایسا سرکاری وکیل بھی کریں، یہ قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں ہمارا حق انہوں نے مارا ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل کے سامنے میرے سائن لیے اور بعد میں مسترد کردیا۔