بھارتی سنگھ کا دورانِ حمل شراب نوشی کا انکشاف

ڈاکٹر نے بچے کی حفاظت کے لیے شراب نوشی چھوڑنے کی ہدایت کی، کامیڈین اسٹار

اپریل 2022 میں بھارتی سنگھ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی : فوٹو : فائل

بھارت کی معروف کامیڈین اسٹار بھارتی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں سات ہفتوں تک اپنے حمل کا علم نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ دورانِ حمل بھی لاعلمی میں شراب نوشی کرتی رہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کامیڈین اسٹار بھارتی سنگھ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے حمل کے بارے میں گفتگو کی، اُنہوں نے کہا کہ ایک رات میں اپنے شوہر اور دوستوں کے ہمراہ پارٹی کررہی تھی، ہم پارٹی کے دوران شراب نوشی بھی کررہے تھے۔

کامیڈین نے کہا کہ پارٹی کے اگلی صبح مجھے علم ہوا کہ میں حمل سے ہوں، میں نے اپنے شوہر کو بتایا تو وہ خوشی سے دنگ رہ گئے تھے، پھر میں نے کپل شرما کی اہلیہ کو فون کرکے اپنے حمل کا بتایا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے اپنے حمل پر یقین نہیں آرہا تھا لیکن جب میں نے ٹیسٹ کروایا تو ڈاکٹر نے مجھے بتایا کہ میں 7 ہفتوں کی حاملہ ہوں۔


مزید پڑھیں: معروف کامیڈین بھارتی سنگھ کا یوٹیوب چینل ہیک ہوگیا

بھارتی سنگھ نے کہا کہ میں نے ڈاکٹر سے کہا کہ مجھے حمل کا علم نہیں تھا اور میں نے تو کل رات بھی شراب نوشی کی ہے جس پر ڈاکٹر نے مجھے کہا کہ اب آپ بالکل بھی شراب نوشی نہیں کریں گی۔

کامیڈین نے کہا کہ ڈاکٹر نے مجھے بچے کی حفاظت کے لیے شراب نوشی چھوڑنے اور صحت مند غذا کھانے کی ہدایت کی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حمل کے دوران، میرے شوہر ہرش نے میرا بہت ساتھ دیا، مجھے ذہنی سکون دیا، میرے کھانے پینے سے لیکر ذہنی سکون کا بہت خیال رکھا۔

واضح رہے کہ بھارتی سنگھ نے سال 2017 میں ہرش لمباچیا سے شادی کی تھی جبکہ اپریل 2022 میں جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
Load Next Story