صاف پانی کی فراہمی کیلئے نئی لائنوں کی منظوری دے دی گئی ہے میئرکراچی

دریا، سمندر اور سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جو بہتر ہوگا وہی کریں گے، مرتضیٰ وہاب


ویب ڈیسک September 07, 2024
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے جو بہتر ہوگا کریں گے—فوٹو: فائل

میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے حکومت سندھ نے پونے 13 ارب روپے کی لاگت سے دو نئی لائنیں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے اور یہ کام ایک سال کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔

ماڑی پور روڈ پر واقع ٹریٹمنٹ پلانٹ تھری کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا بھر میں پانی کی قلت ہوتی جا رہی ہے اور چند ممالک میں پانی کو ری سائیکل کرکے پینے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، ہمارے ملک میں اس کا رواج نہیں لیکن اب ضرورت ہے کہ پانی کو ری سائیکل کیا جائے اور سمندری پانی کو بھی قابل استعمال بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریٹمنٹ کئے ہوئے پانی کو لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا جائے گا اور اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ پانی صنعتوں اور تعمیراتی کاموں کے لیے کتنا مفید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابراہیم حیدری کراچی میں چوتھا ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے گئے ہیں اور جلد ہی یہ ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی قائم کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جن ملکوں نے جدت پر مبنی جرأت مندانہ فیصلے کیے ہیں وہی ملک عوام کو بہتر سہولیات مہیا کرسکے ہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جدت ختم ہوگئی ہے،فیصلے تعطل کا شکار ہوتے ہیں۔

ایک سوال پر میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمارے لیے لیاری ایکسپریس وے نہیں کھولتی کیونکہ وہ بلیک میل ہوتی ہے، ایم کیو ایم والوں کو کہوں گا کہ وہ بتائیں کہ وہ وفاقی حکومت سے کراچی والوں کے لیے کیا لے کر آئے ہیں۔

ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنے دینے والوں کے دور میں ہی کے-الیکٹرک کی نجکاری ہوئی تھی۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، واٹر کارپوریشن کے افسران اور کنسلٹنٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت کم وقت میں کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک مثبت قدم اٹھایا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دریا، سمندر اور سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس حوالے سے جو بہتر ہوگا وہی کریں گے، جو وعدے اور اعلانات کیے ہیں ان کو وفا کریں گے اور لوگوں کے مسائل ہر صورت میں حل کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔