تھانہ ہنجروال کے علاقہ میں بچی کو ورغلا پھسلا کر ساتھ لے جانے پر ذہنی معذور شخص گرفتار
ملزم نے کسی کا کوئی گردہ نہ نکالا نہ فروخت کیا اور نہ ہی ایسے کسی گروہ سے تعلق ہے بلکہ ملزم ذہنی طور پر معذور ہے
تھانہ ہنجروال کے علاقے شادیوال ساہواں گاؤں میں بچی کو ورغلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرنے والے ذہنی معذور شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہنجروال پولیس کے مطابق بچی کو اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کرنے والے شخص کا ذہنی توازن درست نہیں ہے ملزم نے ورغلا پھسلا کر بچی کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی جس پر بچی بھاگ کر اپنے گھر چلی گئی۔
بچی کے والدین اور اہل محلہ نے مل کر ملزم کو پکڑ لیا اور اسی دوران نامعلوم شہری نے ملزم کو ڈرا دھمکا کر ویڈیو بیان حاصل کیا ملزم نے کسی کا کوئی گردہ نہ نکالا نہ فروخت کیا اور نہ ہی ایسے کسی گروہ سے ملزم کا تعلق ہے۔
پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کر تے ہوئے بچی کے والد کی درخواست پر تھانہ ہنجروال میں مقدمہ درج کر لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔