سب کو ہنسانے والی ’’زہرا سہگل‘‘ 102 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

زہرا سہگل 1912 میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں ممتاز اللہ خان کے یہاں پیدا ہوئیں


ویب ڈیسک July 10, 2014
زہرا سہگل نے 8 دہائیوں پر مشتمل اپنے فنی کیریئر کے دوران بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کیا۔ فوٹو:فائل

بالی ووڈ کی معروف اور سینئر اداکارہ زہرا سہگل علالت کے باعث 102 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زہرا سہگل 1912 میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں ممتاز اللہ خان کے یہاں پیدا ہوئیں، آبائی شہر میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم لاہور سے حاصل کی جس کے بعد گھر والوں کی جانب سے پابندی کے باوجود انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور بطور رقاصہ 1935 میں ادھے شنکر کے ساتھ کام کرکے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔

زہرا سہگل نے 8 دہائیوں پر مشتمل اپنے فنی کیریئر کے دوران بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کیا جن میں ''ویر زارا''، ''سایا''، ''چینی کم''، ''ہم دل دے چکے صنم''، ''چلو عشق لڑائیں''، ''ساوریاں'' جب کہ ہالی ووڈ کی ''ٹیلس دیٹ وٹنس میڈنس''، ''نیور سے ڈائی،''لٹل نیپولینس'' اور ''بینڈ اٹ لائک بیکہم'' جیسی مشہور فلمیں بھی شامل ہیں۔ زہرا سہگل کو بھارتی حکومت نے پدما شری اور پدما وبھوشن جیسے اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔

زہرا سہگل نے بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کےساتھ فلم ''چینی کم اورکبھی خوشی کبھی غم'' میں بھی کام کیا ، بگ بی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'ان کا سفر بہت خوبصورت تھا اور وہ بہت ہی محبت کرنے والی اداکارہ تھیں۔'

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں