اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ مختلف رہنماؤں کا خطاب
سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد پہنچ گئی
پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں پاورشو کیا، سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور مختلف پی ٹی آئی رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ جلسہ گاہ کی جانب جانے والے اہم راستوں پر کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا۔
جلسے کے شرکا سے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، شیر افضل مروت، راجا نصر عباس، جمشید دستی، عون عبس پبی اور دیگر نے خطاب کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ ۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ تمام رکاوٹوں کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ میں نے آپ سے صوابی کے جلسے میں کہا تھا کہ ہم ںڑا اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ پنجابیو میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے، انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی آئین پر یقین نا رکھتا تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔
چیئرمین پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو لاکھوں افراد کی حمایت حاصل ہے، کبھی بھی پاکستان میں کسی تحریک کو اتنی بڑی حمایت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چوری اور ڈاکے کی حکومت ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو ہم پورے ملک میں تحریک چلائیں گے۔
محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے نہ پولیس۔
دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے منتظمین کو جلسہ شام سات بجے تک ختم کرنے کا کہا گیا تھا تاہم جلسہ تادیر جاری رہا۔۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق این او سی میں جلسے کی اجازت دوپہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک دی گئی تھی، اور جلسہ منتظمین کووقت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھاٍ
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کے سگنلز ڈاؤن رہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ پر تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے میں دشواری ہوئی، اور انٹر نیٹ کی اسپیڈ ڈاؤن ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
د وسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی کو آنیوالی ٹرینیں بھی لیٹ کردی گئیں، ریلوے انتظامیہ کے مطابق تیز گام ٹرین کامونکی اسٹیشن پر ریل کار سادھوکی کے مقام پر رکی رہی۔ محکمہ ریلوے کے مطابق پی ٹی آئی جلسے کے باعث ٹرینیں لیٹی ہوئیں، جلسہ نا ہوتاتو یہ ٹرینیں تاخیر کا شکار نہ ہوتیں۔