طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کی تحقیقات جیو فینسنگ میں 3 ہزار نمبر شارٹ لسٹ  

سیف سٹی فوٹیجز کی مدد سے 60 موٹرسائیکلز کو بھی شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے، پولیس ذرائع


سید مشرف شاہ September 08, 2024
طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو 2 ستمبر کو قتل کردیا گیا تھا—فوٹو: فائل

پولیس نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کی تحقیقات میں جیوفینسنگ میں 3 ہزار نمبر شارٹ لسٹ کرلیے ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے جیو فینسنگ میں 3 ہزار نمبر شارٹ لسٹ کرلیے ہیں اور سیف سٹی فوٹیجز کی مدد سے 60 موٹرسائیکلز کو بھی شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع پر لگے سیف سٹی کیمرے خراب تھے تاہم پولیس تاحال مرکزی ملزمان کو ٹریس اور گرفتار نہ کرسکی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کا بہنوئی فائرنگ سے ہلاک

ذرائع نے بتایا کہ پولیس جائے وقوع کے گردو نواح کی فوٹیجز سے ملزمان کو ٹریس کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ 2 ستمبر کو لاہور میں تھانہ اچھرہ کے علاقے مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب کار پر فائرنگ کرکے امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد مقدمے میں قیصر بٹ کو نامزد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کیس میں نامزد قیصر بٹ نے سرنڈر کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: طیفی بٹ کے بہنوئی کا قتل؛ نامزد ملزم قیصر بٹ کا سرنڈر کرنے کا اعلان

قیصر بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ہمارا اس قتل سے کوئی تعلق نہیں، ہم پولیس کے سامنے سرنڈر کریں گے اور پولیس کو مطمئن کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔