بانی پی ٹی آئی نے صہیونی قصابوں کی آج تک کھل کر مذمت نہیں کی وزیردفاع

اسرائیلی اخبار میں بانی پی ٹی آئی کے حق میں شائع آرٹیکل سب سے بڑا ثبوت ہے کہ یہ ان کا لے پالک ہے، خواجہ آصف


ویب ڈیسک September 08, 2024
وزیردفاع نے پی ٹی وی سے بات چیت کی—فوٹو: اسکرین گریب

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے حوالے سے اسرائیلی اخبار میں شائع مضمون پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل سے ثابت ہوگیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ان کا لے پالک سیاسی مہرہ ہے اور آج تک صہیونی قصابوں کی کھل کر مذمت نہین کی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی) سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے، اسرائیلی میڈیا بانی پی ٹی آئی کے حق میں لکھ رہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر گود لیا ہوا ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کا پاکستان میں ایک پراجیکٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی تاریخ میں بدترین نسل کشی غزہ میں ہوئی ہے، اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے صیہونی قصابوں کی آج تک کھل کر مذمت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اخبار میں بانی پی ٹی آئی کے حق میں شائع ہونے والا آرٹیکل اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے کہ یہ ان کا لے پالک ہے اور یہ آج بھی کھل کر ان کی مذمت نہیں کرتا، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملکی تشخص کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

وزیردفاع نے کہا کہ یہ نہ صرف صہیونیوں کے ساتھ کھڑا ہے بلکہ اس کے اپنے بچے صہیونیوں کے گھر میں پرورش پا رہے ہیں، اگر کسی دوسرے سیاست دان نے ایسا کیا ہوتا تو پاکستان میں قیامت آچکی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، قیام پاکستان سے آج تک ان کے ساتھ کسی قسم کا تعلق نہیں رکھا لیکن بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں ایک تعلق سامنے آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے لندن میں انتخابات میں ایک مسلمان کے بجائے یہودی کی مہم چلائی ،آہستہ آہستہ اس کا اصلی چہرہ سامنے آرہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں