کراچی چڑیا گھر میں نئے مہمانوں کی آمد شیرنی نے 3 بچوں کو جنم دیا

عوام شیرنی کے بچوں کی عمر 8 ہفتے ہونے پر دیکھ سکیں گے، چڑیا گھر حکام

فوٹو: ایکسپریس ویب

شہر قائد کے چڑیا گھر میں نئے مہمانوں کی آمد ہوئی ہے، شیرنی نے تین بچوں کو جنم دیا ہے جو کہ صحت مند ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں افریقی شیر کے جوڑے نے تین عدد بچوں کو جنم دیا ہے، ان تین نئے مہمانوں کی آمد سے چڑیا گھر کی رونقوں میں اضافہ ہوگا، تینوں بچے اور شیرنی صحتمند ہیں۔


تینوں بچوں کو ابھی حفاظتی طور پر مخصوص پنجرے میں رکھا گیا ہے، اگلے آٹھ ہفتوں کے بعد شیرنی کے تینوں بچوں کو عام پنجروں میں شفٹ کردیا جائے گا تاکہ چڑیا گھر آنے والے شہری انہیں قریب سے دیکھ سکیں۔


میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی چڑیا گھر کو مزید بہتر بنایا جائے گا، نئے جانوروں کا اضافہ کیا جائے گا، تفریحی سہولیات بڑھائی جائیں گی، گزشتہ دنوں چڑیا گھر میں جدید فن لینڈ اور الیکٹرک ریل کا اضافہ کیا گیا ہے، تاریخی مغل گارڈن کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔




یہ خبر بھی پڑھیں: بنگال ٹائیگریس مرنے سے کراچی چڑیا گھر ایک اور نایاب جانور سے محروم ہوگیا

انہوں نے سینئر ڈائریکٹر ریکریشن اقبال نواز کو ہدایت کی کہ وہ شیرنی کے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور ان کی صحت اور خوراک کی ازخود نگرانی کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی کراچی چڑیا گھر میں بنگال ٹائیگریس کے مرنے سے شہر کا سب سے بڑا چڑیا گھر ایک اور نایاب جانور سے محروم ہوگیا تھا۔ کے ایم سی حکام کے مطابق مرنے والی بنگال ٹائیگریس کی عمر 30 سال تھی جس کی طبعی موت ہوئی ہے۔ عام طور پر بنگال ٹائیگریس کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان ہوتی ہے۔

Load Next Story