بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد ،صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن شکیل عباسی، رکن پاکستان بار کونسل علیم عباسی و دیگر وکلا رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت اور بیرسٹرگوہرکی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔
علیم عباسی نے اس موقع پر کہا کہ یہاں اسلام آباد کے وکلا کی منتخب قیادت جمع ہے۔ ہم نے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے اور سب نے متفقہ فیصلہ کیاہے کہ ہم ملک میں آئین و قانون کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے سپریمیسی کے لیے ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔ ہر سیاسی جماعت کاحق ہے کہ وہ جلسہ کرے۔ وکلا نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی ہے۔ ہمارے 3 وکلا کی رہائی تک تمام بارز ایک پیچ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔