کمسن بچوں کے جنسی استحصال کا ملزم گرفتار سیکڑوں نازیبا وڈیوز برآمد

ملزم نازیبا وڈیوز آن لائن شئیر کرنے میں بھی ملوث ہے، ایف آئی اے حکام

ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ترجمان ایف آئی اے

کمسن بچوں کا جنسی استحصال کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جس سے سیکڑوں نازیبا وڈیوز برآمد کی گئی ہیں۔


ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل ایبٹ آباد نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچوں کی نازیبا وڈیوز بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، جس سے 497 نازیبا وڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔



وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر سائبر کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کی گئی کارروائی میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد مسکین کے نام سے ہوئی، جو کمسن بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کے خلاف کارروائی عالمی ادارے کی رپورٹ کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے۔


ملزم بچوں کو دینی تعلیم دیتا تھا اور اس نے بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر اور وڈیوز بھی بنائیں۔ ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا ملزم نازیبا وڈیوز آن لائن شئیر کرنے میں بھی ملوث ہے۔


حکام کے مطابق چھاپا مار کارروائی میں ملزم سے 4 موبائل فونز، لیپ ٹاپ، سی پی یو اور انٹرنیٹ ڈیوائس برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزم سے ضبط شدہ الیکٹرانک آلات میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی 497 تصاویر/و ڈیوز بھی شامل تھیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

Load Next Story