لاپتا شہری فیضان بازیابی کیس میں آئی جی اسلام آباد عدالت طلب

4 دن ہو گئے فیضان کو چھوڑ دیا گیا، ابھی تک تفتیش نہیں کی کون لے گیا؟ کہاں گیا؟ عدالت کا اظہار برہمی


ویب ڈیسک September 11, 2024
(فوٹو: فائل)

لاپتا شہری فیضان بازیابی کیس میں ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو عدالت طلب کرلیا۔


جسٹس بابر ستار نے لاپتا شہری فیضان کے والد عثمان خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل ایمان مزاری، ہادی چٹھہ اور اسٹیٹ کونسل و پولیس حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: لاپتا شہری فیضان کی بازیابی کیلیے آئی جی اسلام آباد کو 10 ستمبر تک کی مہلت


دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیضان کو پیر کی صبح چھوڑ دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ آپ نے اس سے کوئی تفتیش کی؟، کون لے گیا؟ کہاں گیا؟، جس پر پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ جی ابھی تفتیش نہیں کی،ایک وڈیو اپ لوڈ ہوئی تھی۔


عدالت نے تفتیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وہ وڈیو کہاں سے اپ لوڈ ہوئی؟ جس پر پولیس حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے آئی ٹی والوں سے رابطہ کیا ہے۔ جسٹس بابر ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 4روز ہوگئے آپ تفتیش نہیں کرسکے۔


عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔


بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کی جانب سے عدالت کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، جس پر عدالت نے آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آئندہ ہفتے تک تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں