وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیمز فنڈز کی رقم مانگ لی

ڈیمز فنڈز کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان


ویب ڈیسک September 11, 2024
ڈیمز فنڈز کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیمز فنڈز کی رقم مانگ لی۔

سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس کی سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے بتایا کہ ہم نے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے، ڈیمز فنڈز کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں، سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹ کھولا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ ڈیمز فنڈز میں کتنے پیسے ہیں، یہ کیس کیسے شروع ہوا؟

وکیل واپڈا سعد رسول نے جواب دیا کہ تقریباً 20 ارب روپے ڈیمز فنڈز میں موجود ہیں، سپریم کورٹ نے واپڈا کے زیر سماعت مقدمات کے دوران 2018 میں ازخود نوٹس لیا تھا، سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈز عمل درآمد بنچ نے 17 سماعتیں کیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے پوچھا کہ واپڈا کے اور بھی کئی منصوبے ہونگے، کیا سپریم کورٹ واپڈا کے ہر منصوبے کی نگرانی کرتی ہے۔

وکیل واپڈا نے بتایا کہ ڈیمز کی تعمیر کے معاملے پر پرائیویٹ فریقین کے درمیان بھی تنازعات تھے، سپریم کورٹ نے پرائیویٹ فریقین کے تنازعات متعلقہ عدالتوں کے بجائے اپنے پاس سماعت کیلئے مقرر کیے، ہماری استدعا ہے کہ پرائیویٹ فریقین کے تنازعات متعلقہ عدالتی فورمز پر ہی چلائے جانے چاہئیں۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ متفرق درخواست میں سپریم کورٹ ڈیمز فنڈز میں جمع ہوئی رقم واپڈا کے آفیشل اکاؤنٹ نیشنل بنک میں منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے، وفاقی حکومت اور واپڈا نے یقین دلایا ڈیمز فنڈز کی رقم خالصتا ڈیمز کی تعمیر کیلئے استعمال ہوگی، اسٹیٹ بنک مکمل بریک ڈاؤن کیساتھ تفصیل بتائے ڈیمز فنڈز میں کتنی رقم ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ڈیمز فنڈز کی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رکھنی ہے یا نہیں، کیس میں طے کریں گے، ہم تو ڈیمز نہیں بنا سکتے۔

عدالت نے کیس کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔