بین الاضلاعی کرمنل گینگ کے انتہائی مطلوب سرغنہ کو پولیس مقابلے کے بعدزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق کوہاٹ کے پوش علاقے کے ڈی اے میں پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی کرمنل گینگ کا انتہائی مطلوب سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مشکوک موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
پکڑا جانے والا خطرناک ملزم صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف شہروں میں اسٹریٹ کرائمز، پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔
رات گئے ہنگو کی طرف سے آنے والے موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد سٹی پھاٹک پر پولیس کی ناکا بندی توڑ کر فرار ہورہے تھے کہ ان کا سامنا ڈبل روڈ پر کے ڈی اے پولیس سے ہوا، جس نے دوران ناکا بندی 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 افراد کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر براہ راست فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھی اپنی حفاظت کے لیے جوابی فائرنگ کی۔
فائرنگ کاسلسلہ رُکنے پر بین الاضلاعی جرائم پیشہ گروہ کا سرغنہ شہزاد عرف طورے سکنہ ورسک روڈ پشاور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا۔ فائرنگ تبادلے کے بعد کرمنل گینگ میں شامل موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فوری طور پر فرار ہوگئے ۔
فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت افغان مہاجر عمر اور درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والے سید منیر شاہ عرف سیدو کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار گینگ کے سرغنہ کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ کے ڈی اے میں درج کرلیاگیا ہے۔