مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی وزرا 9 مئی ڈرامے پر آنسو بہانا بند کریں اور 10 ستمبر کا ماتم کریں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارلیمان کی بے توقیری پر جعلی وزرا کی ڈھٹائی حیران کن اور پریشان کن ہے۔ بغض عمران اور پی ٹی آئی میں جعلی حکومت اور وزرا پارلیمنٹ کی بے توقیری پر بھی خوش ہیں۔ جعلی حکومت کے جعلی اور درباری وزرا سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کچھ بھی کرلیں مگر غیر قانونی ترامیم پاس نہیں ہونے دیں گے۔ جعلی حکومت 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن پر بہت واویلا مچاتے ہیں مگر اپنے گھر پارلیمان کی بے توقیری پر خوش ہیں۔ جعلی وزرا 9 مئی کے ڈرامے پر مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کریں اور 10 ستمبر کا ماتم کریں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آج اصلی حکومت ہوتی تو پارلیمان کی اس طرح بے توقیری کبھی نہ ہونے دیتی۔ اسپیکر ایاز صادق آئیں بائیں شائیں سے کام نہ لیں، پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کریں۔ پارلیمنٹ پر شب خون مارنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 10 ستمبر جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پارلیمان کی بے توقیری کا پورا پورا حساب لیا جائے گا۔