کون بنے گا کروڑ پتی کے نئے سیزن میں امیتابھ بچن کا فی قسط معاوضہ کتنا
بالی ووڈ میں بگ بی کے نام سے مہشور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے بھارتی شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے نئے سیزن کا فی قسط معاوضہ سامنے آگیا۔
امیتابھ بچن ان دنوں اپنے مقبول ٹی وی شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے سیزن 16 کی میزبانی کررہے ہیں، بالی ووڈ کے شہنشاہ سال 2000 سے اس شو کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2000 میں امیتابھ بچن کا کیریئر اُتار چڑھاؤ کا شکار ہوگیا تھا، اسی دوران اداکار کو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے افتتاحی سیزن کی میزبانی کی پیشکش ہوئی تھی۔
امیتابھ بچن نے اپنے کیریئر کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے میزبانی کی پیشکش قبول کرلی تھی اور پھر شو کی میزبانی سے نہ صرف امیتابھ بچن کو مزید شہرت ملی بلکہ اُن کا فلمی کیریئر بھی ایک بار پھر کامیابی کی طرف گامزن ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں: امیتابھ بچن کا 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے سیزن 16 میں اہم تبدیلیوں کا انکشاف
اس شو کی میزبانی کے فوراََ بعد ہی امیتابھ بچن کو آدتیہ چوپڑا کی فلم 'محبتیں' میں دیکھا گیا، اس فلم کے بعد جب اداکار نے 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے دوسرے سیزن کی میزبانی کی تو اُنہیں صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اُنہیں میزبانی کے فرائض سے دستبردار ہونا پڑا اور پھر اداکار شاہ رخ خان نے سیزن 3 تک شو کی میزبانی کی۔
بھارتی عوام کے بھرپور مطالبے کے بعد امیتابھ بچن شو کے سیزن 4 میں بطورِ میزبان واپس آئے اور آج تک وہ ہی اس مقبول شو کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
اب 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے سیزن 16 کے لیے امیتابھ بچن کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن شو کے سیزن 16 کے لیے ایک قسط کا معاوضہ 5 کروڑ بھارتی روپے وصول کررہے ہیں۔