اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کی 5000 روپے کا نوٹ بند کرنے کی تجویز
اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کی جانب سے حکومت کو 5000 روپے کا نوٹ بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
او آئی سی سی آئی کی جانب سے حکومت کو دی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ 5 ہزار روپے کا نوٹ بند اور ودہولڈنگ ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔ ٹیکس کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے معیشت کو نقصان ہوگا۔
تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ نقد لین دین کی روک تھام کے لیے 5 ہزار روپے کے نوٹ کو بند کردیا جائے۔ ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے ایف بی آر اور نادرا میں تعاون ضروری ہے۔ ایف بی آر اور نادرا مل کر آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کا استعمال کریں۔
اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی 9 فیصد شرح میں اضافہ ڈیجیٹل پےمنٹ سسٹم سےممکن ہوگا۔ ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والوں کا ڈیٹا ایف بی آر ٹیکنالوجی کی مدد سے اکھٹا کرکے کارروائی کرے۔
تجاویز میں کہا گیا ہے کہ نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دیا جائے۔ فن ٹیک خدمات فراہم کرنے والوں کو مراعات دی جائیں اور صنعتوں کو سستی بجلی گیس مہیا کی جائے ۔