بھارت عید میلادالنبیﷺ کے جھنڈے لگانے پر جنونی ہندوؤں کا مسلم آبادی پر حملہ

پولیس نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق مسلمانوں کو ہی گرفتار کرنا شروع کردیا


ویب ڈیسک September 11, 2024
پولیس نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق مسلمانوں کو ہی گرفتار کرنا شروع کردیا

بھارتی ریاست گجرات کے شہروں بھروچ اور سورت میں مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے اور 27 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر بھروچ میں پُر تشدد واقعات میں مسلم آبادی میں موٹر سائیکلوں اور املاک کو آگ لگا دی گئی۔

ڈنڈوں اور راڈوں سے لیس انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حملہ آور جے شری رام کے نعرے لگا رہے تھے۔

کشیدگی کا آغاز اُس وقت ہوا جب انتہا پسندوں نے عید میلاد النبیﷺ کے جھنڈے اور بینرز لگانے سے روکا۔

بعد ازاں چند علاقوں سے یہ جھنڈے اتار دیے گئے جس پر مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

ایسا ہی ایک واقعہ گجرات کے ایک اور شہر سورت میں بھی پیش آیا۔

ان دونوں واقعات میں بھارتی پولیس نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق مسلمانوں کو ہی گرفتار کرنا شروع کردیا۔

اب تک 27 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں