صنعتیں بند ہو رہی ہیں حکومت کراچی کے حالات ٹھیک کرے زبیر موتی والا
چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ صنعتیں بند ہو رہی ہیں، حکومت کراچی کے حالات ٹھیک کرے۔
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے چیف ایگزیکٹو اور بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کی ذمے داری وزیر خزانہ پر عائد ہوتی ہے جو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں 5فیصد کمی ہونی چاہیے۔ کراچی چیمبر میں تھنک ٹینک بنایا ہے، جو مسائل کا قانونی حل دے گا۔ پروفیشنلز کی ٹیم بھی بنائی ہے جو قوانین پر اپنی ماہرانہ رائے دیتی ہے۔ بجلی، گیس، شرح سود، ٹیکس پالیسیوں پر پروفیشنلز کام کررہے ہیں۔
زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ بزنس مین گروپ ہمیشہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرتا چلا آرہا ہے۔ جاوید بلوانی کراچی چیمبر کے صدر منتخب ہوئے تو انکے پیچھے پورے کاروباری طبقے کی سپورٹ ہوگی۔ حکومت کراچی کے حالات ٹھیک کرے۔ ملیں بند ہو رہی ہیں۔ وزارت تجارت سے کراچی کے مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے حکومت ہمارے ساتھ مل کر کام کرے۔
تاجر رہنما نے کہا کہ ہم نے تاجر دوست اسکیم کی مخالفت پر تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کی۔ بی ایم جی 25 سال سے کاروباری طبقے کی خدمت کررہی ہے۔ تاجر دوست اسکیم کے حوالے سے ہم نے وزیر تجارت سے بات کی ہے اور تاجر دوست اسکیم میں 60 ہزار نہیں ماہانہ 5 ہزار روپے کی تجویز دی ہے۔ بڑی دکانوں پر پی او ایس لاگو ہوا ہے۔ اب اس حوالے سے 2 کیٹگریز بنیں گی۔ ایک کیٹگری پہلے سے ہی رجسٹرڈ ہے جب کہ درمیانے درجے کے تاجروں کے لیے مناسب ٹیکس رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ بڑے اسٹورز مقررہ شرح کے تناسب سے ٹیکس ادا کریں گے۔ پریس کانفرنس سے جاوید بلوانی، نصیر سراج تیلی، اے کیو خلیل، انجم نثار، میاں ابرار احمد نے بھی خطاب کیا۔