وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان

وزیراعظم نے کراچی کو 80 ارب روپے دے دیئے لیکن لواری ٹنل کے لئے انہوں نے ہماری حکومت کو کچھ نہیں دیا،پرویزخٹک

عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اس لئے سسٹم کی بہتری چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خبیرپختونخوا۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔



پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بھی دعوت دی کہ وہ بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور جلسوں میں شرکت کریں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بھی مزے کے ہیں، کچھ مانگو تو دینے کے بجائے الٹا مانگنے لگ جاتے ہیں، اگر ہم سیدھے سادھے ہیں تو اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہمیں بیوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی رہے۔


وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کو 80 ارب روپے دے دیئے لیکن لواری ٹنل کے لئے انہوں نے ہماری حکومت کو کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کسی کے خلاف نہیں جارہی، عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اس لئے سسٹم کی بہتری چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات سے دھاندلی ختم ہوجائے تو اعتراض نہیں ہوگا۔


پرویز خٹک نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تمام محکموں میں اصلاحات لا رہی ہے، جب حکومت ملی تو صوبے کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا تھا ایک سال سے تحریک انصاف کے منشور پر کامیابی سے عمل جاری ہے اور امید ہے کہ 5 سال میں صوبے کا نقشہ بدل دیں گے۔

Load Next Story