کراچی میں روزانہ لاکھوں لوگ روزگار کیلیے آتے ہیں شرجیل میمن

پورے پاکستان کا بوجھ کراچی کے کاندھوں پر ہے، آبادی میں اضافے سے چلینجز بڑھ رہے ہیں، سینئر صوبائی وزیر سندھ


Staff Reporter September 11, 2024
فوٹو فائل

سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کا بوجھ کراچی کے کاندھوں پر ہے اور یہاں روزانہ لاکھوں لوگ روزگار کی تلاش کیلیے آکر سکونت اختیار کرتے ہیں، آبادی میں اضافے سے چلینجز بڑھ رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت صوبے کو اس کا جائز حصہ نہیں دیتی۔

سندھ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے پی کے کے عوام کو آنکھیں کھول کر دیکھنا ہوگا کے ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، کے پی کے میں پی ٹی آئی کا تیسرا دور ہے، لوگ آج بھی کے پی سے روزگار کے لئے دوسرے علاقوں میں جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی، ملک، عوام، پارٹی ممبران سمیت کسی سے بھی مخلص نہیں صرف اپنے مفادات سے مخلص ہے۔

یہ بات انہوں نے کے پی کے کے صحافیوں سے کراچی میں ملاقات کے دوران کہی۔ کے پی کے کے صحافیوں کے وفد نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دورہ سندھ کے موقع پر خیبر پختونخواہ کے صحافیوں کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پشاور کے صحافی بھائیوں سے پہلے لاہور کے صحافی دوستوں نے بھی سندھ کا دورہ کیا، اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا، میڈیا اور تقریروں کی بات اور ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت حکومت سندھ کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے، دورے سے صحافی دوستوں کو پتہ چل جائے گا کہ حکومت سندھ نے کتنا کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی کے بحران سے دوچار ہے، پاکستان کو توانائی کے بحران کا واحد حل تھرپارکر کا کوئلہ ہے، شہید بی بی تھر کول پر کام شروع کیا، ان کی حکومت ختم ہوتے ہی اس پر کام بند کردیا گیا ، 2008 میں صدر آصف علی زرداری شہید بی بی کے ویژن کے تحت تھرکول پر کام کروایا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تھر کول سے پاکستان کا طویل المدتی توانائی بحران کا مسئلہ حل ہو جائے گا، اس وقت تھر کے کوئلے سے 3500 میگاواٹ سے زیادہ بجلی بنائی جا رہی ہے، تھرپارکر کے کوئلے میں پاکستان کے معیشت کی بقا ہے، حکومت سندھ نے تھرکول منصوبے پر 2 بلین ڈالر خرچ کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صحت کے میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے، این آئی سی وی ڈی سے لاکھوں لوگ مفت علاج کروا رہے ہیں، پورے پاکستان کے لوگوں کا این آئی سی وی ڈی علاج مفت ہو رہا ہے ، سائبر نائف سے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ بیرون ملک کے لوگ بھی مستفید ہو رہے ہیں بلکہ افغانستان اور ایران سے لوگ علاج کے لئے کراچی آتے ہیں ، گمبٹ ہسپتال میں جگر کا ٹرانسپلانٹ مفت ہو رہا ہے ، حکومت سندھ کی جانب سے انڈس ہسپتال کو پانچ ارب روپے کی گرانٹ دی جاتی ہے، سندھ میں کسی کے علاج کے لئے کوئی صحت کارڈ یا شناختی کارڈ نہیں دیکھا جاتا ، سندھ کے ہسپتال پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ای وی بس اور خواتین کے لئے پنک بس سروس شروع کی خواتین کو آسان سفری سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کا ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب پورے پاکستان میں آیا تھا، لیکن سیلاب متاثرین کے لئے گھر صرف پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ بنا رہی ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت 21 لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں حکومت سندھ کے ہاؤسنگ پروجیکٹ کو آج ایوارڈز بھی مل رہے ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے سولرائزیشن کا نظام شروع کیا گیا ہے ، دو لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کئے جائیں گے ، ونڈ پاور پلانٹ بھی حکومت سندھ کا ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، حکومت سندھ سولر پارک بھی بنانے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر کے صحافی سندھ کا دورہ کریں اور یہاں جاری منصوبوں کا جائزہ لیں ، عوام خدمت نفرت اور تعصب پھیلانے اور بھائی کو بھائی سے لڑوانے میں نہیں ہے ، عوامی خدمت کے لئے نفرت، تعصب اور تقسیم کی سیاست ختم کرنی ہوگی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہ کے فور منصوبے پر کام جاری ہے، کراچی میں پانی کا دیرینہ مسئلہ جلد حل ہونے جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں کے فور منصوبہ مشکلات سے دوچار رہا، کراچی کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، روزانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ روزگار کی تلاش میں کراچی آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کا بوجھ کراچی کے کندھوں پر ہے، اس لئے یہاں اشوز بھی بہت ہیں، آبادی میں اضافے اور شہر کے پھیلاؤ کے باعث چیلنجز میں بھی اضافہ ہوتا ہے ، وفاق سے کراچی کو جو حصہ ملنا چاہیے وہ نہیں مل رہا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی نے الیکشن کے فوری بعد کہا تھا کہ ہم سب سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں ، پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات سے انکار کر دیا تھا ، ہم حکومت کا حصہ نہیں، ہم نے غیر مشروط طور پر حکومت سازی میں ن لیگ کی حمایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں خواتین کے دو کیڈٹ کالجز قائم کئے گئے ہیں ، حکومت سندھ ہر بجٹ میں نئی یونیورسٹی یا کیمپس بنانے کے لئے رقم مختص کرتی ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کے پی کے کے عوام کو آنکھیں کھولنی ہونگی اور دیکھنا ہوگا کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے ، کے پی کے میں پی ٹی آئی کا تیسرا دور ہے، لوگ آج بھی کے پی سے روزگار کے لئے دوسرے علاقوں میں جاتے ہیں ، بانی پی ٹی آئی، ملک، عوام، پارٹی ممبران سمیت کسی سے بھی مخلص نہیں صرف اپنے مفادات سے مخلص ہے۔

ملاقات کے موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خیبر پختونخواہ کے معزز صحافیوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی کے تحائف پیش کئے۔ خیبر پختونخوا کے صحافیوں کی جانب سے بھی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو یادگار شیلڈ اور شال کا تحفہ پیش کیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں