کے پی کابینہ میں ردو بدل وزیرصحت سےقلمدان واپس لے لیا گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیر کا قلمدان تبدیل کردیا ہے، نوٹیفکیشن جاری

وزیرصحت قاسم شاہ سے قلم دان واپس لے لیا گیا—فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مشیر مشال یوسفزئی کو عہدے سے ہٹانے کے بعد کابینہ میں مزید ردوبدل کرتے ہوئے وزیرصحت سے بھی قلم دان واپس لے لیا گیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ میں ردوبدل کردیا گیا ہے اور صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے محکمہ صحت کا قلم دان لے لیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا رولز اینڈ بزنس 1985 کی شق 3 کی ذیلی شق 4 کے تحت حاصل اختیارت کا استعمال کرتے ہوئے وزیر صحت کا قلم دان واپس لے لیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر مشال یوسفزئی ڈی نوٹیفائی

سید قاسم علی شاہ کو کابینہ میں برقرار رکھا گیا ہے اور انہیں محکمہ سماجی بہبود کا قلمدان دے دیا گیا ہےجبکہ اس سے قبل مشال یوسفزئی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مشیر سماجی بہبود تھیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مشیر سماجی بہبود اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشال یوسفزئی کو صوبائی کابینہ سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا تھا، وزیراعلیٰ کی مشیر مشال اعظم یوسفزئی کو کابینہ سے ہٹانے کے بعد صوبائی کابینہ میں پھر ردوبدل کی گئی ہے۔
Load Next Story