یوکرین کی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں 23 فوجی اور100 باغی ہلاک

وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے لڑائی کے دوران 100 باغیوں کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے

باغیوں سے ایک ایک فوجی کے خون کا حساب لیا جائے گا،یوکرینی صدر۔ فائل فوٹو

امن معاہدے کے باوجود یوکرین میں باغیوں اور فوج کے درمیان ایک بار پھر لڑائی شروع ہوگئی ہے جس میں یوکرینی فوج کے 23 فوجی ہلاک جبکہ 93 زخمی ہوگئے جبکہ فوج نے 100 باغیوں کو بھی ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔


یوکرین کی وزارت دفاع کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی علاقے ڈونیسک سے علیحٰدگی پسندوں نے اچانک راکٹ برسانا شروع کردیئے جس میں 23 فوجی ہلاک جبکہ 93 زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے لڑائی کے دوران 100 باغیوں کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے۔ یوکرین کے صدر پیٹرو پروشینکو نے سلامتی سے متعلق ہنگامی کا اجلاس طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ باغیوں سے ایک ایک فوجی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں یوکرینی حکومت کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج بعدازاں شدت اختیار کرتے ہوئے علیحٰدگی کی تحریک میں تبدیل ہوگیا اور روسی نواز باغیوں نے کچھ علاقوں پر کنٹرول حاصل کر کے آزادی کا اعلان کردیا۔ اس کے بعد سے یوکرینی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی جس میں اب تک 500 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ۔
Load Next Story