ننھی بیٹیوں کو پانی کے ٹینک میں دھکا دے کر ماں بھی کود گئی تینوں جاں بحق

متاثرہ خاندان کا تعلق سوات سے ہے، بچیوں کا والد کباڑ کی ریڑھی چلاتا ہے ، خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، علاقہ مکین

ماں نے مچھلیاں دکھانے کے بہانے ٹینک کے قریب بلاکر دھکا دیدیا، تیسری بیٹی کا بیان (فوٹو: اسکرین گریب)

لانڈھی میں ماں اپنی ننھی بیٹیوں کو پانی کے ٹینک میں دھکا دینے کے بعد خود بھی کود گئی،جس کے نتیجے میں خاتون اور 2 بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ ایک بیٹی بچ گئی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں لانڈھی کے علاقے بختاور گوٹھ میں ایک مکان سے ملنے والی 3 لاشیں ماں اور 2 کمسن بیٹیوں کی نکلیں۔ جاں بحق خاتون کی شناخت شائیلہ اور بچیوں کی شناخت 8 سالہ یسریٰ اور ڈیڑھ سالہ روحاب کے ناموں سے ہوئی۔


متاثرہ خاندان کا تعلق سوات سے ہے۔ جاں بحق خاتون کا شوہر اور بچیوں کا والد کباڑ کی ریڑھی چلاتا ہے۔لواحقین کے مطابق خاتون 3 بچیوں کی ماں تھی اور اس کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔



پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچیوں کو پانی کے ٹینک میں دھکا دیا اور پھر خود بھی کود گئی۔ خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہ ہونے کی تصدیق علاقہ مکینوں نے بھی کی ہے۔ خاتون اس سے قبل بھی اپنے بچوں کو پھینک چکی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔


پانی کے ٹینک میں ڈوبی بچیوں کو اس وقت گلی میں موجود پولیو کی ٹیم نے نکالا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچ جانے والی ایک بچی اپنی ماں کے کُودنے سے پہلے ٹینک سےنکل گئی تھی۔ بچیوں کو پھینکنے کے بعد ماں نے ایک بار بچانے کی بھی کوشش کی۔ ممکنہ طور پر بچیوں کو پھینک کر پھر بچانے کے دوران تینوں کی موت ہوئی۔ بچنے والی بچی نے گھر کا دروازا اندر سے بجایا جس پر اس وقت گلی میں موجود پولیو ٹیم نے ریسپانس دیا۔


متاثرہ خاندان کے پڑوسی نے بتایا کہ اسے چچا کے بیٹے نے فون پر واقعے کی اطلاع دی، جس پر علی رحمان سے رابطے کی کوشش کی تو اس کا نمبر بند تھا۔ میں پہنچا تو ماں اور دونوں بچیوں کی لاشیں نکالی جاچکی تھیں۔ حادثے میں بچ جانے والی بچی نے بتایا کہ ماں نے مچھلیاں دکھانے کے بہانے واٹر ٹینک کے قریب بلایا۔ بچی کے مطابق ماں نے ہمیں دھکا دینے کے بعد خود بھی ٹینک میں چھلانگ لگادی۔



Load Next Story