پنجاب پولیس کو سوشل میڈیا پر کسی بھی اظہار رائے سے روک دیا گیا

آئی جی پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا

(فوٹو : فائل)

پنجاب بھر میں پولیس فورس کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی بھی قسم کی رائے کا اظہار کرنے سے روک دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا۔ سوشل میڈیا پالیسی کے عنوان سے مراسلہ پنجاب پولیس کے تمام یونٹس ہیڈز، سی سی پی او لاہور، آر پی او اور سی پی او راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے آر پی اوز اور سی پی اوز و ضلعی پولیس سربراہ کو ارسال کیا گیا ہے۔


مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کے سلسلے میں ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے، سی پی او، ڈی پی او یا یونٹ ہیڈ کی اجازت کے بغیر یونیفارم میں سوشل میڈیا پر کوئی سرگرمی نہیں کی جائے گی، ‏پولیس اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کوئی بھی ذاتی، سیاسی یا مذہبی خیالات شیئر نہیں کریں گے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ‏پولیس کی سرگرمیوں سے متعلق سرکاری چینل صرف سی پی او، ڈی پی او یا یونٹ کے سربراہ کے ذریعہ چلایا جائے گا، ‏نجی افراد کو کسی بھی سوشل میڈیا سرگرمی کے لیے پولیس کی گاڑیوں اور دفاتر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید کہا گیا ہے کہ آر پی اوز اور یونٹس ہیڈز سوشل میڈیا پالیسی کے نفاذ کے لیے ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔
Load Next Story