اسٹیٹ بینک کی نئے نوٹوں کے ڈیزائن میں مخصوص مذہب نمایاں کرنے کی تردید
نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں مخصوص مذہب کو نمایاں کرنے کے معاملے پر اسٹیٹ بینک نے تردید اور وضاحت جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے مقابلے میں منتخب ایک ڈیزائن میں پاکستان میں مذہبی تنوع کو ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ڈیزائن کی عوامی سطح پر تشریح غلط کی گئی ہے۔
آرٹ کمیٹی نے نئے کرنسی نوٹ کے اس نمونے کو ڈیزائن کے معیار اور مذہبی تنوع کے اظہار کی بنیاد پر منتخب کیا ۔ مقابلے میں منتخب ڈیزائن میں سے کوئی ڈیزائن نئے کرنسی نوٹوں کے لیے منتخب نہیں کیا گیا ۔ نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن بین الاقوامی فرمز تیار کریں گی جو مسابقتی طریقے سے منتخب ہوگی ۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی ڈیزائن فرمز اپنی تجاویز دسمبر 2024ء تک پیش کریں گی ۔ نئے کرنسی نوٹوں کے مجوزہ ڈیزائن کو اسٹیٹ بینک کا بورڈ منظور کرکے جنوری 2025ء میں وفاقی حکومت کو پیش کرے گا۔ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کی طباعت وفاقی حکومت کی منظوری سے ہوگی۔