اعظم سواتی نے افغانستان جانے کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اہلیہ کے ہمراہ افغانستان جانا چاہتا ہوں، آئین ہر شہری کو سفری آزادی کا حق دیتا ہے، درخواست میں موقف

(فوٹو: فائل)

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے افغانستان سفری اجازت کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

اعظم سواتی نے علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ افغانستان جانا چاہتے ہیں سفری اجازت دی جائے۔


درخواست میں وفاقی حکومت، ڈپٹی وزیراعظم، چیف پروٹوکول آفیسر، ڈپٹی چیف پروٹوکول آفیسر وزارت خارجہ، سیکرٹری سینٹ اور سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی تین بار سنیٹر رہ چکے ہیں اور وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں، چیف ڈپٹی پروٹوکول منسٹری آف فارن افیرز نے 12 اگست کو نوٹ وربل جاری کیا، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے کہنے پر ان کے ویزہ پراسس روک دیا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوٹ وربل کو روکنا غیرقانونی ہے، درخواست گزار کو سفری اجازت دی جائے، آئین پاکستان نے ہر شہری کو سفری آزادی کی اجازت دی ہے اور یہ ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔
Load Next Story