بجلی کی عدم فراہمی یوسف گوٹھ کے مکینوں کا حب ریور روڈ پہ احتجاج

کراچی اور حب کا رابطہ منقطع، بدترین ٹریفک جام، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں، یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر بھی سرگرمیاں معطل


Staff Reporter September 12, 2024
(فوٹو : فائل)

بلدیہ حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ کے مکینوں نے بجلی و پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث کراچی اورحب کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا، مصروف شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام کے سبب ہزاروں شہری پھنس گئے، یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر بھی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔

ایکسپریس کے مطابق گزشتہ روز یوسف گوٹھ کے مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف صبح آٹھ بجے کے لگ بھگ حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک بند کردیئے۔ مظاہرین میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ مشتعل مظاہرین نے سڑک پر ٹائر بھی جلائے۔

مصروف شاہراہ کی بندش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کراچی اور حب کے درمیان ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، حب جانے والی گاڑیوں کو سعید آباد کی طرف بھیجا جانے لگا۔ ناردرن بائی پاس پر جانے والی سڑک پر بھی ٹریفک جام ہوگیا۔

یوسف گوٹھ سے نیول کالونی تک ہیوی ٹریفک کا رش لگ گیا، ٹریفک جام میں شہری پھنس کر رل گئے۔ حب ریور روڈ پراحتجاج کے باعث یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر سرگرمیاں معطل ہوگئیں جبکہ بندرگاہ پرگاڑیوں کی آمد ورفت کا سلسلہ بھی رک گیا۔

پولیس نے مظاہرین سے متعدد مرتبہ مذاکرات کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے بجلی بحال ہونے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ پولیس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ یوسف گوٹھ میں گزشتہ پانچ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جب تک بجلی بحال نہیں ہوگی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے، آخری اطلاع پر یوسف گوٹھ کے مکینوں کی جانب سے احتجاج جاری تھا جس کے باعث حب ریورروڈ پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق علاقے کے چار پی ایم ٹیز پر سولہ کروڑ سے زائد کے واجبات ہیں۔ پولیس کےمطابق کے الیکٹرک نے ہر پی ایم ٹی کے کم ازکم پچاس بلوں کی ادائیگی پر بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن مظاہرین ایک بھی جمع کرانے کو تیار نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |