نجی اسکول میں جھگڑے کے دوران سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے چوکیدار کو قتل کردیا

ملزم قتل کے بعد اپنی وردی، بیلٹ اور رپیٹر اسکول کے قریب پانی کے ٹینک میں پھینک کر فرار ہوگیا، پولیس نے تفتیش شروع کردی

(فوٹو: فائل)

نارتھ ناظم آباد کے نجی اسکول میں جھگڑے کے دوران سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے چوکیدارکو قتل کردیا اورفرارہوگیا۔


پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں واقع نجی اسکول سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔



مقتول کی شناخت 30 سالہ علی رضا ولد ذوالفقارعلی کے نام سے کی گئی جو نجی اسکول میں چوکیدارتھا اوراس کا آبائی تعلق میرپورخاص سے تھا۔


ایس ایچ اور نارتھ ناظم آباد ندیم حیدر کے مطابق مقتول چوکیدار کو اسکول میں تعینات شاہین سکیورٹی کمپنی کے گارڈ فہیم نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ شبہ ہے کہ رات گئے اسکول کے چوکیدار اور سکیورٹی گارڈ کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا ۔ ملزم سکیورٹی گارڈ فہیم چوکیدارکو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد اپنی وردی، بیلٹ اور رپیٹر قریب ہی پانی کے ٹینک میں پھینک کر موقع سے فرارہوگیا۔


مفرور سکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے 12 بوررپیٹرکا ایک خول قبضے میں لے لیا ہے اور سکیورٹی کمپنی سے سکیورٹی گارڈ کا ڈیٹا طلب کرکے واقعے کی تفتیش شروع کرنے کے ساتھ فرارہونے والے سکیورٹی گارڈ کی تلاش شروع کردی ہے۔

Load Next Story