ایک ہی گھر سے چوتھا جنازہ وادی نیلم حادثے میں زخمی خاتون انتقال کرگئیں

مرنے والوں میں باپ صارم صدیقی، عیشہ (بیٹی)، ڈیڑھ سالہ ابراہیم (بیٹا) اور مدیحہ (اہلیہ) شامل ہیں


محمد عمیر دبیر September 13, 2024
حادثے کے بعد گاڑی کھائی میں گری ہوئی ہے (فوٹو اسکرین گریپ)

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے علاقے ببون میں چار روز قبل حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون بھی انتقال کرگئیں، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی، سب کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

تفصیلات کے مطابق وادی نیلم کے سیاحتی مقام ببون کے علاقے نگدر کارکہ روڈ جبری کے مقام پر 9 ستمبر کو کراچی کے سیاحوں کی گاڑی کو ڈرائیور کی مبینہ غفلت سے حادثہ پیش آیا تھا اور گاڑی کھائی میں جاگری تھی۔

حادثے میں موقع پر صارم صدیقی (باپ)، عیشہ (بیٹی) اور ابراہیم (بیٹا) موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ پانچ افراد زخمی تھے جن میں تین سالہ یوسف ، گیارہ سالہ حسین، مدیحہ (بیگم صارم صدیقی)، قاسم اور یسری شامل تھے۔

مزید پڑھیں: وادی نیلم میں 'ڈرائیور کی غفلت' سے گاڑی کو حادثہ، کراچی کا نوجوان اور 2 بچے جاں بحق

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی باپ، بیٹی اور بیٹے کی لاشوں کو دس ستمبر کو کراچی لایا گیا اور سخی حسن قبرستان میں اُن کی تدفین ہوئی جبکہ حادثے میں گیارہ سالہ حسین کے کولہے کی ہڈی، یسری کی ریڑھ کی ہڈی اور مدیحہ کے سر میں گہری چوٹیں آئیں تھیں۔

مدیحہ صارم تین روز تک مصطفر آباد کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج رہیں جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ 13 ستمبر کی صبح خالق حقیقی سے جا ملیں۔ متوفیہ کی نماز جنازہ جامع مسجد فلاح میں صبح 8 بجے جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں