پختونخوا کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور آندھی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل، گورنر اور وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس، لواحقین کیلیے مالی امداد کا اعلان

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشو کو نکال کر اسپتال منتقل کیا (فوٹو: اسکرین گریب)

پختونخوا کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے جب کہ شدید آندھی کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق چارسدہ کے علاقے ترنگ زئی میں شدید طوفانی ہواؤں کے باعث ایک گھر کی چھت گر گئی، جس میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں میاں بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔



واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں کو نکالا اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔


دریں اثنا وزیراعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔


دریں اثنا پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال ،دیر،سوات ، شانگلہ، ملا کنڈ، بونیر، مانسہرہ، میدانی علاقوں چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، باجوڑ، خیبر، اور کرک کے اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پشاور شہر میں جاری بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22 اور زیادہ سے زیادہ 36سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہوا کا نمی کا تناسب 75فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔

Load Next Story