پنجاب خام پنک سالٹ کی برآمد پر پابندی کے لیے اقدامات کا حکم
صوبائی حکومت نے پنجاب میں خام پنک سالٹ کی برآمد پر پابندی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنک سالٹ کی ایکسپورٹ پر پیش رفت کے لیے جامع پلان طلب کرلیا اور کان کن ورکرز کی سیفٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب میں معدنیات کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خام پنک سالٹ کی برآمد پر پابندی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراں قدر ملکی ذخائرکوڑیوں کے بھاؤ نہیں بکنے دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے لیے پنک سالٹ خزانے کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنک سالٹ سے ریونیو حاصل کرنے کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنک سالٹ کے لیے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لگانے کاپلان تیار کرنے کاجائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری،چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر نے شرکت کی۔