ریکی کرکے 2 کروڑ روپے چھین کر فرار ہونے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایس پی سٹی کیپٹن (ر) قاضی علی رضا نے سٹی ہیڈ کوارٹرز تھانہ لوہاری گیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مصری شاہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے 4 روز قبل 2 کروڑ کی واردات کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
ملزمان منظم گروہ کی شکل میں وارداتیں کر رہے تھے۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں سرغنہ اسد اور گل جان شامل ہیں۔ ملزم اسد عرصہ دراز سے مارکیٹ میں کام کر رہا تھا اور رقم لے کر آنے جانے والوں کی ریکی کرتا تھا۔ شہری منور 2 کروڑ کی رقم لے کر اپنے فورمین کے ہمراہ بینک میں جمع کروانے کے لیے نکلے تو ملزم اسد نے پہلے سے ہی رقم لے کر جانے والے شہری کی ریکی کر رکھی تھی۔
ملزم نے اپنے ساتھیوں کو مطلع کیا اور مختصر سے فاصلے پر اسلحہ کے زور پر رقم چھین کر فرار ہو گے۔ رقم چھیننے والوں میں گرفتار ملزم گل جان موٹر سائیکل چلا رہا تھا جب کہ اسد اس کے پیچھے ان کو گائیڈ کر رہا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور مقدمہ درج کر کے ٹیمیں تشکیل دیں۔
مصری شاہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، ہیومین ریسورس اورجدید لوکیٹر کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر لیا۔
ملزمان اسد اور گل جان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، جن کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی بائیک، اسلحہ اور رقم ایک کروڑ 97 لاکھ 50 ہزار برآمد کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔