کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا دو اہلکار شہید

اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے شواہد جمع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی


ویب ڈیسک September 14, 2024
فوٹو: فائل

بلوچستان کے شہر کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکےسے دو اہلکار شہید ہوگئے، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے واقعے کی مذمت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر امدادی ادارے اور پولیس روانہ ہوگئے۔

امدادی ذرائع کے مطابق دھماکا کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب ہوا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، اہلکاروں کو ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرکے دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا شروع کردیا۔

وزیراعظم نے واقعے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی اور کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہماری سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، بلوچستان پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی، یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور قوم کی حمایت سے آخری دہشت گرد و سہولت کار کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں