حکومت نے پاک پی ڈبلیو ڈی کے پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبے صوبائی حکومتوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبے وفاقی کابینہ کی منظوری سے منتقل کیے جا رہے ہیں۔ اس طرح پنجاب حکومت کو پی ایس ڈی پی کے 52 منصوبے منتقل کیے جائیں گے، سندھ حکومت کو 27 پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبے منتقل کیے جا رہے ہیں، کے پی کے حکومت کو 23 منصوبے منتقل ہوں گے جب کہ بلوچستان حکومت کو 78 منصوبے منتقل ہوں گے۔
وفاقی سطح کے 72 منصوبے سی ڈی اے اور متعلقہ ڈویژنز کو منتقل کردیے جائیں گے۔
منصوبوں کے بجٹ کی منتقلی قواعد، پالیسی اور فنڈز کے اجرا کی حکمت عملی کے مطابق فنانس ڈویژن کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ منصوبوں کو سنبھالنے کے لیے 18 گریڈ کا افسر ہونا لازمی ہوگا۔
اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پاک پی ڈبلیو ڈی 15 ستمبر تک مکمل ریکارڈ اور بجٹ کے ساتھ منصوبوں کی تفصیلات فراہم کردے۔