پی ٹی اے کا ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن پر یوٹرن، سندھ ہائیکورٹ میں نظرثانی درخواست دائر

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 14 ستمبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس(ٹویٹر) کی بندش کے معاملے پر پی ٹی اے نے بندش سے متعلق نوٹیفکیشن پر یوٹرن لیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کردی نظرثانی درخواست میں پی ٹی اے نے عدالت سے حکم نامہ واپس لینے یا ترمیم کی استدعا کی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لا پی ٹی اے علی اکبر سہتو اور وکیل احسن امام نے حلف نامے جمع کروا دیے نظر ثانی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے بندش سے متعلق نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا ہے۔

ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن تاحال موجود ہے وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کی واپسی کے متعلق 12ستمبر کا بیان غلط فہمی کی بنیاد پر جاری ہوا۔

سندھ ہائیکورٹ کے اسی بینچ کے روبرو ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے مذکورہ کیس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا ہے غلطی سے دونوں کیسز مل گئے اور غلطی سے اس کیس میں ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لینے کا بیان جاری ہوا۔

اس بیان کے نتائج بہت اہم ہوسکتے ہیں مذکورہ بیان حقائق کے برخلاف ہے پی ٹی اے کے کئی مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے مقرر ہوتے ہیں مقدمات کے دباؤ کے باعث غیر ارادی طور پر غلطی ہوئی۔

عدالت سے استدعا ہے کہ پی ٹی اے کی درخواست کی فوری سماعت کی جائے 12 ستمبر کو پی ٹی اے کے وکیل نے بیان دیا تھا کہ ایکس پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔