انٹرنیشنل میری ٹائم سسٹینیبلٹی ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس 2024 اختتام پذیر

پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز


Staff Reporter September 14, 2024
(تصویر: اے پی پی)

انٹرنیشنل میری ٹائم سسٹینیبلٹی ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس 2024 اختتام پذیر ہوگئی۔

وزارت بحری امور کے تحت بین الاقوامی میری ٹائم سسٹین ایبلٹی ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس 2024 ہفتے کو کراچی میں اختتام پذیر ہوئی۔

اختتامی تقریب کے بعد انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کانفرنس کے دوران مختلف منصوبوں اور حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا ہے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان اپنے جہاز ری سائیکلنگ اور ماہی گیری کے شعبوں کو ترقی دیتا رہے گا، جس میں ماحولیاتی استحکام پر توجہ دی جائے گی۔

آرسینیو نے پاکستان کو تکنیکی سہولیات اور اس کی میری ٹائم صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مدد فراہم کرنے کے لیے IMO کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے اپنے قیام کے دوران پورٹس کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی بندرگاہوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عالمی سمندری امور سے متعلق IMO کے جاری پروگراموں پر روشنی ڈالی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ، پاکستان نیوی، ایڈمرل فیصل عباسی نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود پوری تاریخ میں بحری قزاقی کے واقعات سے پاک رہی ہیں۔

انہوں نے خلیج عدن میں بحری قزاقی کا مقابلہ کرنے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

ایڈمرل عباسی نے ریمارکس دیئے کہ پاک بحریہ بحری معیشت کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لیے فعال اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سال کی کانفرنس کا مرکزی موضوع 'بلیو اکانومی' ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اگلی میری ٹائم کانفرنس نومبر 2025 میں منعقد کی جائے گی۔ جس کے مزید پروگراموں کا مقصد عالمی میری ٹائم انڈسٹری میں پاکستان کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔

انٹرنیشنل میری ٹائم سسٹین ایبلٹی ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس (IMSEC) 2024 نے پاکستان اور عالمی میری ٹائم انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کو پائیداری کی حکمت عملیوں اور میری ٹائم سیکٹر کے مستقبل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔